کشمیریوں کی جدوجہد میں اپنے فرائض کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے: آرمی چیف

پاکستان نے کبھی بھی آرٹیکل 370 اور 35-A کے ذریعے بھارت کی جموں و کشمیر پر قبضے کی شرمناک کوششوں کو تسلیم نہیں کیا۔ جنرل باجوہ

چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ پاک فوج کشمیریوں کی آزادی کی تحریک میں آخری حد تک جانے کو تیار ہے اور اس سلسلے میں اپنے فرائض سرانجام دینے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔
پاک فوج کے ترجمان ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ جی ایچ کیو راولپنڈی میں کشمیر کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاویو باجوہ کی صدارت میں کور کمانڈرز کانفرنس ہوئی۔
پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاک فوج کشمیر میں بھارتی کاررائیوں سے متعلق حکومت کے موقف کی بھرپور حمایت کرتی ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان نے کبھی بھی آرٹیکل 370 اور 35-A کے ذریعے بھارت کی جموں و کشمیر پر قبضے کی شرمناک کوششوں کو تسلیم نہیں کیا۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے مزید کہا کہ اب بھارت نے خود ان آرٹیکلز کو ختم کر دیا۔
اس موقع پر آرمی چیف نے واضح کیا کہ کشمیریوں کی جدوجہد آزادی میں آخری حد تک ان کیساتھ کھڑے ہیں جبکہ اس سلسلے میں اپنے فرائض کی انجام دہی کے لئے کسی بھی حد تک جائیں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارت نے راجیہ سبھا میں ایک بل منظور کرکے کشمیر کی خصوصی حیثیت سے متعلق آرٹیکل 370 کو ختم کر دیا جس کے بعد کشمیر ریاست نہیں کہلائے گی جبکہ اس کا انتظام براہ راست بھارت کی وفاقی حکومت کے ہاتھ میں ہوگا۔
بل پاس کرنے سے قبل مقبوضہ کشمیر میں کرفیو نافذ کیا گیا تھا اور وادی کے سابق وزرائے اعلیٰ سمیت حریت رہنماوں کو گھروں میں محصور کر دیا گیا تھا۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.