کشمیر کے لیے آخری گولی، آخری سانس، آخری سپاہی تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کشمیر کو تکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے لیے آخری گولی، آخری سانس، آخری سپاہی تک لڑنے کے لیے تیار ہیں۔

آرمی چیف جنرل قمرجاوید باجوہ نے جی ایچ کیومیں یوم شہدا کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ قیام پاکستان سے لے کر بقاء پاکستان کا سفر ہمارے شہدا کی قربانیوں سے سجا ہوا ہے، پاکستان کی بنیادوں میں شہیدوں کا لہو شامل ہے، جب بھی ضرورت پڑی وطن کے بیٹوں نے لبیک کہا، جب تک ہمارے پاس ایسے والدین موجود ہیں جو وطن پر جان قربان کرنے والے سپوت پیدا کرتے ہیںتب تک پاکستان کو کوئی قوت نقصان نہیں پہنچا سکتی۔

آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ دنیا کے لیے ایک مثال ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ طویل تھی لیکن ہم اس میں کامیاب ہوئے، دہشت گردی کے خلاف جنگ کی وجہ سے آج پاکستان میں امن کی فضا ہے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان نے اپنی ذمہ داریاں بھرپو راندازمیں ادا کی ہیں، اب دنیا کی باری ہے کہ دہشت گردی کے ناسور کو پھیلنے نہ دیں۔

انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف اب ہماری جنگ غربت، معاشی پسماندگی اور بے روزگاری کے خلاف ہے، چاہتے ہیں ہمارے شہیدوں کی قربانیاں رائیگاں نہ جائیں۔

آرمی چیف نے کہا کہ کشمیرتکمیل پاکستان کا نامکمل ایجنڈا ہے، مسئلہ کشمیرنامکمل ایجنڈا اس وقت تک رہے گا جب تک اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل نہ کرلیا جائے۔

جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بدترین ریاستی دہشت گردی جاری ہے، نہتے اور مظلوم کشمیریوں پرظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیریوں اور پاکستانیوں کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.