ڈی آئی خان میں پولیس چوکی پر فائرنگ اور اسپتال میں خودکش دھماکا، 6 اہلکار شہید

ڈی آئی خان میں کوٹلہ سیداں پولیس چیک پوسٹ پردہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔ شہید اہلکاروں کی شناخت کانسٹیبل جہانگیر اور کانسٹیبل انعام کے نام سے ہوئی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق شہید پولیس اہلکاروں کی لاشیں ڈسٹرکٹ اسپتال لائی گئیں تو اسپتال کے دروازے پر دھماکا ہوا جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہوگئے۔

دھماکے کے فوری بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تحقیقات کے لیے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے ہیں۔ دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد کو کمبائنڈ ملٹری اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ زخمی ہونے والے افراد میں پولیس اہلکار سمیت بچے بھی شامل ہیں جن میں بعض کی حالت تشویشناک ہے۔

پولیس کے مطابق دھماکا ڈی ایچ کیو اسپتال کے ٹراما سینٹر کےمرکزی گیٹ پر ہوا۔

ڈی ایس پی افتخار شاہ کے مطابق  دھماکا خودکش تھا اور خدشہ ہے کہ خودکش حملہ آور خاتون ہے۔

واقعے کے بعد اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے جب کہ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے ادارے کے اہلکاروں کی بڑی تعداد علاقے میں تعینات کردی گئی ہے۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کے عملے نے مزید دھماکا خیز مواد کی موجودگی کے خطرے کے پیش نظر سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.