بھارت افغان امن عمل سے فارغ،پاکستان کا خطے میں مرکزی حیثیت برقرار: ٹائمزآف انڈیاکا دعویٰ

افغانستان میں امن کی راہ ھموار کرنے کے لئے پاکستانی کوششیں رنگ لے آئیں ہیں

افغانستان میں امن کی راہ ہموار کرنے کے لئے پاکستانی کوششیں رنگ لے آئیں ہیں، اور بھارت کو افغان امن مذاکرات سے الگ کردیا گیا ہے۔
اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کے باوجود افغان امن عمل سے بھارت کے باہر ہونے پربھارتی میڈیا تلملانے لگا اورپاکستان کی مرکزی حیثیت کا اعتراف کر لیا، افغان امن عمل سے ہندوستان کے مکمل اخراج پر ٹائمز آف انڈیا نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مرکزی کردار اور بھارت کے مکمل اخراج پر تفصیلی مضمون چھاپ دیا .
ٹائمز آف انڈیا نے یہ بھی لکھا ہے کہ پورے افغان امن عمل میں سرے سے ہندوستان دکھائی دیتا ہے نہ ہی اس کے تحفظات کا کوئی نشان ملتا ہے، تازہ صورت حال سے واضح ہے کہ پاکستان خطے میں مرکزی حیثیت اختیار کر گیا ہے اور بھارت کو افغانستان کے مستقبل سے متعلق فیصلہ سازی کے عمل سے باہر کر دیا گیا ہے ۔

اخبار نے مزید دعویٰ کیا کہ پاکستان اس خطے کی جیوپولیٹکس میں سینٹر سٹیج کی حیثیت اختیار کر چکا ہے اور اس حوالے سے بھارتی تشویش پر کسی بھی سطح پر سنجیدگی کا اظہار نہیں کیا جا رہا ہے۔

بھارتی سرکار نے امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے افغان مذاکراتی عمل زلمے خلیل زاد اور روسی حکام کے سامنے بھی اپنا نکتہ نظر رکھا ، تاہم دال گلتی دکھائی نہ دی۔ امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو کی نئی دہلی آمد کے موقع پر بھی بھارت نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا تھا ۔ بھارت کا موقف ہے کہ گزشتہ 18 برس کے دوران بھارت نے افغانستان میں بھاری سرمایہ کاری کی ہے جو افغان امن معاہدے کے بعد خطرے کی زد میں ہوگی

ٹائمز آف انڈیا کا کہنا ہے کہ پاکستان صورتحال سے مکمل مطمئن اور پوری طرح خوش دکھائی دے رہا ہے، امریکہ اور اس کے اتحادی سعودی عرب، امارات اور قطر پاکستان کی بھرپور امداد کررہے ہیں، آئی ایم ایف نے بھی پاکستان کے لیے امدادی پیکج جاری کردیا ہے۔چین اور پاکستان بھی ایک دوسرے کی جانب دیکھ رہے ہیں مگر بھارت منظر سے غائب ہے۔ پاکستان نے اپنے آپ کو خطے کے لئے اہم اور ناگزیر ملک ثابت کیا ہے۔

اخبار کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی موجودہ سیاسی صورت حال میں بھارت کوئی کردار ادا نہ کرسکا۔

خیال رہے کہ بھارتی اخبار کی یہ رپورٹ ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب تین روز قبل چین، روس اور امریکہ نے ایک مشترکہ اعلامیے میں اس بات کا اعتراف کیا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

شاید آپ یہ بھی پسند کریں

جواب چھوڑیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا.